بھٹکل 28 جون (ایس او نیوز) بھٹکل بندرروڈ ففتھ کراس میں ایک شخص کی نعش حیرت انگیز طور پر اُسی کے گھر کے اندر پھانسی پر لٹکتی ہوئی پائی گئی ہے۔ جس کی شناخت گدگ کے رہنے والے مشتاق احمد چوباری (36) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ مشتاق صاحب گذشتہ آٹھ سالوں سے انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سینٹر میں ایف ڈی اے (فرسٹ ڈیویزن اسسٹنٹ ) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔جبکہ بندرروڈ ففتھ کراس میں وہ ایک کرایہ کے مکان میں رہتے تھے۔
کالج کے ذرائع نے بتایا کہ منگل کو صبح جب مشتاق صاحب کالج میں کام پر نہیں پہنچے تو اُنہیں فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، مگر بار بار کوشش کے باوجود اُن سے رابطہ نہیں ہوسکا، دوپہر جب اُن کے گھر جا کر دیکھا گیا تو گھر بند تھا، اُس کے بعد بھی مسلسل اُن کو فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ رات آٹھ بجے بھی جب ان کا کوئی آتہ پتہ نہیں چلا تو پولس کو خبر کی گئی، رات قریب پاونے بارہ بجے پولس بندرروڈ ففتھ کراس ان کے مکان پر پہنچی اور دروازے کی کُنڈی توڑ کر اندر داخل ہوئی تو مشتاق صاحب کی نعش چھت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ فوری طور پر گدگ میں اُن کے والدین اور بیوی کو خبر دی گئی، جو بدھ صبح قریب پانچ بجے بھٹکل پہنچے اور گھر والوں کی موجودگی میں پولس نے نعش کو نیچے اُتارا۔
بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم اور ضروری کاغذی کاروائیوں کے بعد میت کو گدگ لے جایا گیا اور بعد نماز مغرب گدگ میں ہی ان کی تدفین عمل میں آئی۔
انجمن کے ذرائع نے بتایا کہ مشتاق صاحب اچھے اخلاق اور بہترین کردار کے انسان تھے اپنے کام سے کام رکھتے تھے، کبھی کسی سے اُلجھتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔ پتہ چلا ہے کہ دو دن قبل گھر میں ہی فیملی معاملے کو لے کروہ پریشان تھے، اور دو روز قبل ہی اُن کی بیوی اور دو بچے مائکے چلے گئے تھے، اس بناء پر منگل کو وہ گھر پر اکیلے تھے۔ اس بات کی بھی خبر ملی ہے کہ صبح قریب آٹھ، ساڑھے آٹھ بجے انہوں نے باہر سے ناشتہ منگوایا تھا اور مالک مکان کو بتایا تھا کہ اُن کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اس لئے آج (منگل کو) کام پر نہیں جارہے ہیں۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔
انجمن وفد کی تعزیت: واقعے کی اطلاع ملتے ہی انجمن جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل، ایڈیشنل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری، انجمن کالج پرنسپال مشتاق شیخ اور کئی دیگر کالج پروفیسرس، لیکچررس اور اسٹاف نے مشتاق صاحب کے گھر والوں کے ساتھ مل کر تعزیت کی اور ان کی موت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انجمن وفد نے گھروالوں کو صبر کرنے اور دُعا کرنے کی بھی تلقین کی اور مشتاق صاحب کے حق میں مغفرت کی دعائیں کیں۔